نوجوان ملکی آبادی کا سب سے بڑا حصہ، قیمتی اثاثہ بھی ہیں، وفاقی وزیر جمال شاہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا قیمتی اثاثہ بھی ہیں۔

کمیونٹی ڈویلپمنٹ کونسل کی جانب سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے تعاون سے منعقدہ "پہچان پاکستان" مقابلے کی انعامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی ہیروز اور قومی تعمیر کے عمل میں ان کے کردار کے بارے میں حساسیت پیدا کرنا ہوگی۔

تقریب میں پاکستان میں فلسطینی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ نادر الترک، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ، ڈائریکٹر ہنرکدہ آمنہ شاہ، صدر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کونسل میرا ملک، مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن ڈاکٹر راجہ مظہر حمید اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر جمال شاہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم اور ترقی کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ ان کی بامقصد مصروفیات کو آسان بنانے کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت ہے، میری وزارت نے بچوں اور نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ثقافتی تعلیم اور ادب پر 3 روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور ادبی ورثہ کی بحالی کے منصوبے کے تحت ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے نوجوانوں کے سینئر فنکاروں اور سرپرستوں کو جوڑنے کے لیے مینٹورشپ پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

جمال شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے رضاکار گروپس اور فورمز کو متعلقہ محکموں کے ساتھ فعال طور پر شامل کرنے کے لیے تشکیل دیا جائے گا، نوجوانوں کے لیے جلد ٹیلنٹ ہنٹ شو شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ثقافتی انفراسٹرکچر کو سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا جس سے تخلیقی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی اور فنکاروں کے لیے تمام شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں