وزیر اعظم کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل 9 کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی، سکیورٹی فورسز، منتظمین اور شائقین کو خراج تحسین پیش کیا، وزیر اعظم نے پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وننگ شارٹ کھیلنے والے حنین شاہ میدان میں آبدیدہ ہو گئے

اپنے مبارکبادی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، یہ کسی ایک ٹیم کی نہیں پاکستان کی جیت ہے، کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرتا ہے، پوری سیریز میں شاندار مقابلے اور بہترین سپورٹس مین سپرٹ دیکھنے میں آئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کی بدولت پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملی، پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خصوصی طور پر ممنون ہیں، حکومت ملک میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی جیت کے جشن میں مظلوم فلسطینیوں کو نہ بھولے

واضح رہے کہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں