بارش کی پیش گوئی: میئر کراچی نے رین ایمرجنسی نافذ کردی

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر کارپوریشن انجینئر اسد اللہ خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میئر کراچی کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے بارش سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

انجینئر اسد اللہ خان نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کے پاس ٹوٹل 55 سکشن مشینیں موجود ہیں، آج رات تمام اہم شاہراہوں اور ڈیپ ایریاز کے مختلف مقامات پر سکشن مشینیں پہنچائی جائیں گی۔

سی او او واٹر کارپوریشن نے کہا کہ ایگزیکٹو انجینئر ورکشاپ ڈویژن شفقت حسین اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر تمام گاڑیوں کی نگرانی کریں گے، واٹر کارپوریشن کی سیوریج پمپنگ سٹیشن پر وافر مقدار میں ڈیزل پہنچایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متوقع بارشوں کے پیشِ نظر واٹر کارپوریشن کا تمام عملہ بالخصوص سیوریج کا عملہ ہائی الرٹ ہے، واٹر کارپوریشن کے انجینئرنگ ونگ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں