کراچی: گٹکا بنانے والی 2 فیکٹریاں پکڑ گئیں، سکھر سے ڈاکو گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں پولیس نے کارروائیاں کر کے گٹکا، ماوا بنانے کی 2 فیکٹریاں پکڑ لیں، سکھر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی کی پاک کالونی میں پولیس نے کارروائی کر کے گٹکا اور ماوا بنانے والی 2 فیکٹریاں پکڑ لی ہیں، فیکٹریوں سے بھاری مقدار میں گٹکا بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے، موقع سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

ادھر کراچی کے علاقے کورنگی میں مختلف مقامات پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا، تلاش ڈیوائس کے ذریعے مشتبہ افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، سرچ آپریشن کے دوران پولیس کی اضافی نفری، لیڈی پولیس سرچرز اور ٹیکنیکل عملہ بھی موجود رہا۔

دوسری جانب سکھر کے علاقے تھانہ سائٹ ایریا کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔

گرفتار ہونے والا ملزم چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں