محرم میں قیام امن کیلئے صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں: محسن نقوی

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا اور برہانی محل میں داودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین کے صاحبزادے شاہزادہ حسین برہان الدین بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آپ کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے، آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، داودی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔

اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین نے داودی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔

شاہ شہیدان امام بارگاہ کے دورہ کے موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کی آیت اللہ علامہ سید عقیل الغروی اور سابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کےد وران آیت اللہ علامہ سید عقیل الغروی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں، وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں