سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر کو فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو فون کیا اور انہیں الیکشن جیتنے پر مبارک باد پیش کی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام لانے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور تعلقات میں بہتری کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا کیساتھ جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیار

نومنتخب ایرانی صدر نے مبارک باد پیش کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، واضح رہے کہ ایران کے سابق وزیر صحت پیزشکیان نے 5 جولائی کو صدارتی انتخابات میں 53.7 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔

19 مئی کو صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد ہونے والے صدارتی انتخابات میں ایرانی صدر کے مخالف قدامت پسند سعید جلیلی کو سرکاری نتائج کے مطابق 44.4 فیصد ووٹ ملے تھے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں ایران کیساتھ اُس وقت سفارتی تعلقات ختم کر دیے تھے جب سعودی عرب میں ایک شیعہ عالم دین کو سزائے موت دینے پر تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملہ ہوا تھا، ستمبر 2023ء میں چین کی ثالثی کے باعث دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات 7 سال بعد بحال ہوئے تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں