تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری پر امریکا کا ردعمل سامنے آ گیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی حالیہ گرفتاریوں پر امریکا کی جانب سے ردعمل سامنے آگیا ہے۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی رپورٹس دیکھی ہیں، اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاری پر تشویش رہتی ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، آئینی اور جمہوری اصولوں کی پرامن برقراری کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان کے آئین و قوانین کے مطابق ان اصولوں کا احترام کرنے پر زور دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر رؤف حسن کو گرفتار کیا تھا ان کے علاوہ متعدد خواتین کو بھی حراست میں لینے کا دعویٰ کیا گیا، اہلکار سیکرٹریٹ سے کمپیوٹر اور دیگر سامان بھی ساتھ لے گئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں