فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس سمن رفعت امتیاز نے 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیئر ٹرائل کا حق تقاضا کرتا ہے کہ درخواست گزار کیخلاف مقدمے کی سماعت اوپن کورٹ میں ہو، جیل ٹرائل کے احکامات درخواست گزار کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیتے ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر کسی ٹھوس جواز کے جیل ٹرائل کا انعقاد آئین سے متصادم ہے، الیکشن کمیشن کے جیل ٹرائل کے احکامات، نوٹیفکیشنز کالعدم قرار دیئے جاتے ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیل میں توہین الیکشن کمیشن کی ہونے والی کارروائی اوپن کورٹ نہ ہونے کی بنا پر فیئر ٹرائل کے برخلاف ہے، جیل میں توہین الیکشن کمیشن کی ہونے والی کارروائی فیئر ٹرائل کے برخلاف ہونے پر غیر مؤثر قرار دی جاتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ فواد چودھری کی توہین الیکشن کمیشن کے جیل ٹرائل کیخلاف درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں