بھیڑوں کا ریوڑ 100 کلو سے زائد بھنگ کے پودے کھا کر بے قابو

ایتھنز: (ویب ڈیسک) یونان میں بھیڑوں کے ریوڑ نے گرین ہاؤس میں گُھس کر تباہی مچا دی، بھیڑوں نے 100 کلو سے زیادہ کی مقدار میں بھنگ کے پودے کھا لئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے علاقے میگنیسیا میں ایک کسان اس وقت سر پکڑ کر بیٹھ گیا جب اس کی فصل پر بھیڑوں کے ایک ریوڑ نے حملہ کر دیا۔

مقامی کسان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی فصل شدید گرمی اور سیلابوں کے باعث پہلے ہی تباہ ہوگئی تھی اورجو بچے کچے بھنگ کے پودے تھے انہیں بھیڑوں نے کھا کر ختم کر دیا، بھنگ کی یہ فصل طبی استعمال کیلئے اُگائی گئی تھی جس کا اب نام و نشان باقی نہیں رہا۔

دوسری جانب بھیڑوں کے مالک نے بتایا کہ گرین ہاؤس میں 100 کلو بھنگ کے پودے کھانے کے بعد اس کی بھیڑیں واپس آ کر عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگیں۔

اس نے بتایا تمام بھیڑیں بے قابو ہو چکی تھیں اور بکریوں سے اونچی چھلانگ لگا رہی تھی جو عام طور پر کبھی نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھارت کے ایک پولیس سٹیشن کے گودام سے تقریباً 200 کلو گرام بھنگ کی گھاس غائب ہوگئی تھی بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسے چوہوں نے کھا لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں