پیرس اولمپکس: میڈلز جیتنے کی دوڑ میں جاپان سب سے آگے، آسٹریلیا کا دوسرا نمبر

پیرس: (دنیا نیوز) پیرس اولمپکس 2024ء میں میڈلز جیتنے کی دوڑ میں جاپان سب سے آگے نکل گیا جبکہ آسٹریلیا دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ میں دوسرے روز مزید 13 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہو گیا، 22 ممالک کے ایتھلیٹس میڈلز جیتنے والوں میں شامل ہو گئے ہیں۔

پیرس اولمپکس میں دو روز کے مقابلوں کے بعد جاپان 4 گولڈ، 2 سلور اور 1 برانز میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے، آسٹریلیا بھی 4 گولڈ اور 2 سلور میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔

امریکا کے مجموعی میڈلز 12 ہیں لیکن گولڈ میڈلز کی تعداد 3 ہے جس کی وجہ سے وہ تیسرے نمبر پر ہے، امریکی ایتھلیٹس نے 6 سلور اور 3 برانز میڈلز بھی حاصل کیے، فرانس کے 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز ہیں جبکہ کوریا نے 3 گولڈ، 2 سلور اور 1 برانز میڈل کیا۔

میڈلز ٹیبل پر چین نے اب تک 3 گولڈ میڈل کے علاوہ 1 سلور اور 2 برانز میڈلز جیت لیے، اٹلی نے 1 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز، قازقستان نے 1 گولڈ 2 برانز جبکہ بیلجیئم نے 1 گولڈ اور 1 برانز میڈل جیتا ہے، جرمنی، ہانگ کانگ اور ازبکستان نے 1، 1 گولڈ میڈل جیتے ہیں۔

برطانیہ نے 2 سلور، 2 برانز، برازیل نے 1 سلور، 2 برانز جبکہ کینیڈا نے 1 سلور اور 1 برانز میڈل جیتا ہے، فجی، کوسوو، منگولیہ، پولینڈ اور تیونس نے 1-1 سلور میڈل حاصل کیا، سویڈن نے 2 برانز میڈلز جیتے ہیں، مصر، سپین، ہنگری، انڈیا، میکسیکو، مولدووا اور جنوبی افریقا نے ایک، ایک برانز میڈل جیتا ہے۔

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے سوئمر احمد درانی کا پہلے ہی راؤنڈ میں سفر تمام ہو گیا، احمد درانی دو سو میٹر فری سٹائل میں حصہ لینے والے 25 کھلاڑیوں میں سے آخری نمبر پر رہے۔

خواتین کے 200 میٹر فری سٹائل سوئمنگ کے مقابلوں میں پاکستانی سوئمر جہاں آراء نبی کا تیسرا نمبر رہا، جہاں آراء بھی فائنل مقابلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں