20 خواتین سے شادی کر کے قیمتی سامان لوٹنے والا دولہا گرفتار

مہاراشٹر: (ویب ڈیسک) بھارت میں 20 خواتین سے شادی کر کے ان کا قیمتی گھریلو سامان لوٹنے والے دولہے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں 43 سالہ ملزم نے 20 خواتین سے الگ الگ شادیاں کیں اور پھر ان کا قیمتی گھریلو سامان لوٹا۔

نالہ سوپارہ میں مقیم متاثرہ خاتون نے ملزم کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم کو 23 جولائی کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔

متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ان دونوں کی دوستی ایک ویب سائٹ کے ذریعے ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا، ملزم میرے پیسے، لیپ ٹاپ اور گھر کی دیگر قیمتی چیزیں چرا کر فرار ہوا جن کی مالیت 6 لاکھ 5 ہزار روپے ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز، ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈز، چیک بُک اور سونے کے زیورات برآمد ہوئے۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین سے شادی کر کے انہیں لوٹتا تھا، ملزم اب تک 20 خواتین کو شادی کے نام پر دھوکہ دے چکا ہے۔

متاثرہ خواتین کا تعلق مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، نئی دہلی اور گجرات سے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں