فوج کیخلاف بغاوت پر مبنی بیانات ن لیگ کا خاصہ ہے: بیرسٹر ڈاکٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فوج کیخلاف بغاوت پر مبنی بیانات ن لیگ کا خاصہ ہے، اپوزیشن کے بنچوں سے خواجہ آصف کے پاک فوج کے خلاف غلیظ بیانات آج بھی ریکارڈ کا حصہ ہے۔

عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ بانی پی ٹی آئی کے بارے میں احمقانہ بیانات دے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اپنے موقف سے بالکل نہیں ہٹے اور نہ ہی کسی کی منت سماجت کی۔

انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ کی واپسی، کارکنوں کی رہائی اور جمہوریت کی بالادستی پہلے بھی بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ تھا،اب بھی ہے، بانی پی ٹی آئی نے مثبت تنقید کی بات کی، پی ٹی آئی پاک فوج کی بطور ادارہ عزت و احترام کرتی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کے پاک فوج کے خلاف بےبنیاد پروپیگنڈے بھی سب کو یاد ہیں، مسلم لیگ ن اقتدار میں ہو تو ٹھیک ورنہ اپوزیشن میں یہ فوج کے خلاف ہر حد تک جاتی ہے۔

صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے درباری وزراء سیاست چمکانے کے لئے کچھ بھی بول دیتے ہیں، بنوں واقعے پرعطا تارڑ اور امیر مقام نے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے عوام اور فوج میں دوری پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ یہ ٹولہ بغض بانی پی ٹی آئی میں اہم قومی معاملات کو بھی داؤ پر لگاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں