وزارت خارجہ دفتر کے باہر کانسٹیبل کا شہری پر تشدد

لاہور:(دنیا نیوز) گورومانگٹ روڈ پر وزارت خارجہ کے آفس کے باہر پولیس اہلکار نے قطار توڑنے پر طیش میں آکر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بیرون ملک جانے والے طالب علم اور ان کے والدین اسناد کی تصدیق کیلئے وزارت خارجہ کے اس رابطہ دفتر میں آتے ہیں، پنجاب بھر سے آنیوالے طلبہ و طالبات سمیت ان کے والدین کی کثیر تعداد یہاں پر موجود ہوتی ہے، جس کے باعث لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔

ایک نوجوان کے قطار توڑنے پر ڈیوٹی پرموجود بابر نامی پولیس اہلکار نے غصے میں آ کر اسے ٹھڈے مارے، تشدد کا نشانہ بنایا اور گالیاں دیں، اس موقع پرعینی شاہدین نے اہلکار کی شہری پر کئے جانے والے تشدد کی ویڈیو بنا لی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ڈی آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا، ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شہریوں سے بدسلوکی کسی صورت قبول نہیں، ایسے واقعات میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں