حکومت نے قانون کو موم کی گڑیا بنا دیا، فرد واحد کیلئے قانون میں تبدیلی خطرناک ہے: شبلی فراز

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے قانون کو موم کی گڑیا بنا دیا ہے، فرد واحد کیلئے قانون میں تبدیلی لانا خطرناک ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں قانونی بحران ہے، مہنگائی کا بحران ہے، جو مقدمات چل رہے ہیں ان کا کوئی سر پیر نہیں، فارم 47 پر وجود میں آنے والی حکومت میں اخلاقی جرات نہیں ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس حکومت کی کوئی توقیر نہیں ہے، حالیہ قانون سازی فرمائشی پروگرام ہے، ایک سال سے پستی کے معیار قائم ہورہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ لوگ بجلی کے بلوں کی وجہ سے خود کشیاں کررہے ہیں، جس کی لاٹھی اس کی بھینس والے ماحول میں کوئی خود کو محفوظ نہیں سمجھ رہا ہے، ان حالات کی وجہ سے ملک کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام کی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں، حکومت وہ ہو جس کو عوام نے منتخب کیا ہو۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں