کراچی: سائٹ ایریا میں پلاسٹک فیکٹری میں لگنے والی آگ پرقابو پالیا گیا

کراچی : (دنیانیوز) کراچی کے سائٹ ایریا میں پلاسٹک فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔

فیکٹری ملازم عینی شاہد کے مطابق سائٹ ایریا میں پلاسٹک کاسامان بنانےوالی فیکٹری میں آگ صبح 8 بجے لگی، فیکٹری کی پہلی منزل پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے،جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

عینی شاہد نے بتایا کہ آگ لگنے پر فیکٹری کے تمام ملازم فوری طور پر باہر نکل آئے اور فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع دی گئی، فائر بریگیڈ کا عملہ وقت پر پہنچ گیا تھا تب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔

حکام فائر بریگیڈکاکہنا ہے کہ ساڑھے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد  آگ پر قابو پالیا گیا ہے، مجموعی طور پر 7 فائر ٹینڈرز، ریسکیو 1122 کے دو، دو براؤزر اور ایک سنارکل نے آپریشن میں حصہ لیا۔

حکام نے مزید کہا کہ فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔

چیف فائر افسر نے کہا کہ فیکٹری میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودگی کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی عمارت خستہ ہوگئی تھی اس لیے احتیاط سے کام کیا گیا، کولنگ کے عمل میں مزید کچھ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔، 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں