ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.16 فیصد کی کمی

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 16 فیصد کی کمی آئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 16.86 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں انڈے 13 روپے فی درجن مہنگے ہوئے، لہسن کی قیمت میں 10 روپے 40 پیسے جبکہ بیف کی قیمت میں 58 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔

اسی طرح گڑ، کپڑا، دہی اور دال چنا بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پیاز 7 روپے 17 پیسے فی کلو سستے ہوئے، ایک ہفتے میں آٹے کا بیس کلو کے تھیلے کی قیمت میں 34 روپے 43 پیسے کمی آئی، چکن، کیلے، ایل پی جی، چینی اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں