آئی ٹی انڈسٹری نے فائر وال کی تنصیب پر خدشات کا اظہار کر دیا

اسلام آباد (دنیا نیوز) پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کی جانب سے فائر وال کی تنصیب پر خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

وائس چیئرمین پاشا علی احسان نے وفاقی حکومت سے فائر وال کی تنصیب پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ فائر وال کی تنصیب سے قبل آئی ٹی انڈسٹری سے مشاورت کی جائے، انٹرنیٹ کی طویل بندش سے آئی ٹی کمپنیوں کے آپریشنز بری طرح متاثر ہیں۔

علی حسان نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے انڈسٹری کو 300 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، فائر وال کے ڈیزائن اور اس کے مقاصد سے دنیا بھر سے ہمارے کلائنٹس میں تشویش ہے جبکہ بین الاقوامی کمپنیوں میں رائے پائی جاتی ہے کہ فائر وال سے ڈیٹا پر سمجھوتا ہو گا۔

وائس چیئرمین آئی ٹی انڈسٹری اس ڈیجیٹل رکاوٹ کو معیشت کے لیے خطرہ سمجھتی ہے، سائبر سیکورٹی کو موثر بنانے کیلئے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے، حکومت سائبر سیکورٹی اور نیشنل انٹرسٹ کے تحفظ کیلئے اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مشاورت کرے۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے اور ان سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں