رضوان پر بال پھینکنے پر شکیب پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ میں محمد رضوان پر بال پھینکنے پر بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے 4 دنوں کے دوران مثبت انرجی دکھائی دی لیکن آخری دن ایک ناخوشگوار لمحہ دیکھنے میں آیا۔

پانچویں دن پاکستان کی اننگز کے دوران بنگلادیشی آل راؤنڈر گیند کرانے کے لیے آئے لیکن رضوان کھیلنے کے لیے تیار نہ تھے تو شکیب الحسن نے غصے میں گیند رضوان کی جانب پھینک دی۔

محمد رضوان سیٹ ہو ہی رہے تھے کہ وہ بنگلادیش کے وکٹ کیپر لٹن داس سے گفتگو میں مصروف ہوگئے اور پھر جیسے ہی تیار ہونے لگے شکیب نے رضوان کی جانب گیند پھینک دی۔

یہ دیکھتے ہی کمنٹیٹرز نے بھی ایک دوسرے سے سوال کیا کہ  یہ کیا تھا؟ 

ساتھ ہی امپائر بھی شکیب سے کچھ کہتے دکھائی دیئے، بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ شکیب امپائر سے اپنے کیے کی معذرت کر رہے ہیں۔

اب میچ ریفری کی جانب سے بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر آئی سی سی ضابطہ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی مل گیا ہے۔

میچ ریفری کے مطابق شکیب الحسن نے اپنا جرم اور سزا کو قبول کرلیا ہے اس لیے اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں