جاپان کے جزیرے کیوشو سے سمندری طوفان ’شان شان‘ ٹکرا گیا، 54 افراد زخمی، ایک لاپتہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے جزیرے کیوشو سے طاقتور سمندری طوفان شان شان ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں 54 افراد زخمی جبکہ ایک شخص لاپتہ ہوگیا۔

جاپانی نیوز ایجنسی این ایچ کے مطابق جاپان کے جزیرے کیوشو میں شدید ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، سمندری طوفان شان شان جس میں 220 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں سے 30 کا تعلق میازاکی پریفیکچر، 15 کا کاگوشیما پریفیکچر جبکہ 3افراد کا تعلق ناگاساکی پریفیکچر سے ہے، جاپان کی وزارت صحت نے کہا ہے ناگاساکی سٹی نے جمعرات کو صبح 11 بجے شہر کے تمام علاقوں کے لئے انخلاء کا حکم جاری کیا، جس میں 393,051 رہائشی شامل تھے۔

کیوشو الیکٹرک پاور ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح 10 بجے تک کیوشو ریجن کے سات پریفیکچرز میں 255,730 گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا تھا، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئی تھیں، مشرقی اور شمال مشرقی ساحلی علاقے کانتو اور توہوکُو کو طاقت ور سمندری طوفان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں