عمران کا آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستانیوں کیلئے فخر کی بات ہے: ذیشان خانزادہ

اسلام آباد :(دنیا نیوز ) سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ہے کہ عمران کا آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستانیوں کیلئے فخر کی بات ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ذیشان خانزادہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے حق میں اس ایوان سے قرارداد پیش ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بنتے ہیں تو یہ پاکستانیوں کیلئے فخر کی بات ہوگی، رشی سونک کو برطانیہ میں عہدہ ملنے پر بھارتیوں نے خوشیاں منائیں، ہم اپنے شہری کیلئے کیوں یہ سوچ نہیں رکھتے۔

ذیشان خانزادہ کی تقریر کے جواب میں سینیٹر طلال چودھری کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلراعلیٰ اخلاقی سطح پر ہونا چاہیے، ایک شخص جو کرپشن کے کیسز میں جیل میں ہے اس کو کیسے یونیورسٹی کا چانسلر بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ شخص جو کہتا ہے کہ عورتوں کے ساتھ زیادتی اس وجہ سے ہوتی ہے کہ وہ نامناسب کپڑے پہنتی ہیں، وہ شخص جو طالبان کے دفاتر کھولتا ہے اس کو کیسے چانسلر بنایا جاسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں