پاکستان اور مرکوسر تجارتی بلاک کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان اور مرکوسر تجارتی بلاک کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی امریکہ کی مارکیٹ ممکنہ طور پر پاکستانی مصنوعات کیلئے اچھی ثابت ہو سکتی ہے لیکن اب تک پاکستانی معیشت اس مارکیٹ کے ثمرات حاصل نہیں کر سکی۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ معیشت سے متعلق تمام معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں جن پر عرصے سے کوئی کام نہیں ہوا ان پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے، وزیراعظم نے ماہ اگست میں افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آنے پر اظہار اطمینان کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افراط زر میں کمی پر وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے، ہمیں معیشت میں مزید استحکام لانا ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کے بھائی و رکن صوبائی اسمبلی مرحوم رانا افضال حسین کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں