سردار اختر مینگل سے درخواست کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا حصہ رہیں : رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (دنیانیوز) بی این پی رہنما سردار اختر مینگل کی ناراضگی دور کرنے کیلئے حکومتی وفد متحرک ، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے وفد کے ہمراہ سردار اخترمینگل سے ملاقات کی ہے ۔

ن لیگ کا وفد اختر مینگل سے ملاقات کے لئے پارلیمنٹ لاجز پہنچا جہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کی ، ملاقات میں رانا ثناء اللہ، خالد مگسی، اعجاز جھکرانی ،جمال مینگل سمیت دیگر شریک ہیں ۔

ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی و دیگر نے سردار اختر مینگل سے استعفی واپس لینے کی درخواست کی ہے ۔

ملاقات کے بعد رانا ثنا اللہ کی میڈیا سے گفتگو 

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سردار اختر مینگل نے بلوچستان کے مقدمے کو بہادری کے ساتھ لڑ ا ہے، ہم سب سردار اختر مینگل کے قدردان ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم نے ریویو پٹیشن داخل کردی ہے، پوری امید ہے ہماری پٹیشن قابل قبول ہوگی، بلوچستان کے حقوق پر اختر مینگل کی زور دار آواز پارلیمنٹ میں موجود رہنی چاہیے۔ 

یہ بھی پڑھیں:سردار اختر مینگل کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کااعلان

قبل ازیں رہنما مسلم لیگ ن و سابق وزیر رانا ثنااللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سردار اختر مینگل ہمارے بھائی اور سینئرسیاستدان ہیں، مینگل کی بلوچستان میں بہت اہمیت ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ سردار اخترمینگل کا استعفیٰ ہمارے لئے بھی سرپرائز تھا، کوشش کریں گے کہ ان کی ناراضی ختم کریں اور ساتھ لے کرچلیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بی این پی رہنما سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے کا اعلان کیا تھا ، انہوں  نے کہا کہ میں آج استعفی کا اعلان کرتا ہوں، میں اپنے لوگوں کیلئے کچھ نہیں کرسکا65 ہزار لوگ مجھ سے ناراض ہونگے لیکن میں ان سب سے معافی مانگتا ہوں ۔

یہ بھی پڑھیں:سردار اختر مینگل سے اپوزیشن لیڈر عمرایوب کی وفد کے ہمراہ ملاقات

سردار اختر مینگل کاکہنا تھا کہ خود اس ریاست سے، اداروں سے اور سیاسی جماعتوں سے میں مایوس ہو چکا ہوں، محمود خان اچکزئی اس امید سے ہیں کہ شاید ان کو اس پارلیمنٹ سے ان کو کچھ ملے گا، ہم نے اس ملک کے ہر ادارے کے دروازے کھٹکھٹائے لیکن ہماری بات نہ سنی گئی۔

واضح رہے کہ سردار اختر مینگل این اے256 خضدار سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں