لیجنڈ اداکار لہری کو شائقین سے بچھڑے 12 برس بیت گئے
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے لیجنڈ اداکار سفیر اللہ عرف لہری کو شائقین سے بچھڑے 12 برس بیت گئے۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار اور کامیڈین لہری کا اصل نام سفیر اللہ تھا، انہوں نے 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، لہری نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری اور خوب داد پائی۔
فنی سفر کی ابتداء فلم ’’انوکھی‘‘ سے کرنے والے لہری نے ’’بیداری‘‘، ’’عندلیب‘‘، ’’کنیز‘‘، ’’آگ کا دریا‘‘، ’’دیور بھابھی‘‘، ’’دل لگی‘‘ اور ’’دل میرا دھڑکن تیری‘‘ جیسی متعدد مشہور فلموں میں اداکاری کی جوہر دکھائے۔
انہوں نے اپنے فن کے اظہار کے لئے سنجیدہ انداز میں مزاح کو موضوع بنایا، لہری پاکستان فلم انڈسٹری کے واحد مزاحیہ اداکار تھے جنہیں 12 مرتبہ نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے لہری 13 ستمبر 2012 کو 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، ان کی بے مثال اداکاری نے ناظرین کے ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑے۔