پی ٹی آئی کے پی میں اختلافات، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری عہدے سے مستعفی
پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
صوبائی صدر کے ساتھ اختلافات کے باعث جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد پارٹی عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ پارٹی میں اس وقت ڈکٹیٹرشپ کا ماحول ہے اور اہم فیصلے کابینہ کو اعتماد میں لئے بغیر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی اور تنظیمی معاملات میں کابینہ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، پارٹی صدر کی جانب سے ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کا نوٹیفکیشن بھی کابینہ سے مشاورت کے بغیر جاری کیا گیا۔
انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ اگر تمام فیصلے ایک فرد ہی کرے گا تو پھر کابینہ کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں رہتا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق اختیارات ایک فرد کے پاس نہیں بلکہ پوری کابینہ کے پاس ہونے چاہئیں۔
انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی سنجیدہ کوششیں بھی نظر نہیں آرہیں، بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید میں تقریباً 3 سال ہونے کو ہے مگر لیڈرشپ نے چپ سادھ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈرشپ کے پاس بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی واضح حکمت عملی نہیں، پارٹی میں فیصلے فرد واحد کر رہا ہے اس لئے استعفیٰ کا فیصلہ کیا ہے۔