سعودی عرب کی 15سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے پر پابندی
اسلام آباد، ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے حج کیلئے عمر کی نئی حد نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کو ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی۔
ترجمان پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی سعودی پالیسی کے مطابق اب 3 مئی 2026 سے 15 سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، اس پابندی کے نفاذ کے بعد 15 سال سے کم عمر تمام عازمین کے حج ویزے منسوخ قرار دے دیے گئے ہیں۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق 27 مئی 2026 تک 15 سال کی عمر مکمل نہ کرنے والے عازمین حج سعودی عرب سفر کے اہل نہیں ہوں گے، تین مئی سےحج کےلئےسفرپرپابندی سےکراچی کے 70 عازمین حج متاثر ہوں گے۔
سعودی امیگریشن حکام نے تمام ائیرپورٹس کو ہدایت کی ہے کہ 15 سال سے کم عمر عازمین کو ائیرپورٹ پر ہی حج پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا جائے۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سعودی حکام نے متاثرہ عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔