پاکستان سفارتی سطح پر بھی معرکہ حق میں کامیاب، امن کا علمبردار بن کر ابھرا: عطا تارڑ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی معرکہ حق لڑا اور کامیاب ہوا، دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال بعد حقائق واضح ہو گئے، پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں پکڑا، بھارت اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ کلبھوشن پاکستان کی حراست میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے، دنیا پاکستانی قیادت کی معترف ہے، دنیا میں سفارتی اور عسکری سطح پر پاکستان کا ایک مقام ہے، معرکہ حق میں نوجوانوں کا کردار قابل ستائش ہے، بیانیے کی جنگ میں پاکستانی عوام نے دنیا کو بتایا کہ ہم امن پسند ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شہبازشریف نے پی ایم اے کاکول میں اپنے خطاب کے دوران پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاہم اس پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا، پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور شواہد طلب کیے، لیکن بھارت کی جانب سے کوئی ٹھوس جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر طبقہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، چاہے وہ اے پی ایس کا سانحہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ، بھارت دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان اس کے خلاف عملی جدوجہد کر رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا صارفین اور نوجوان نسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی میڈیا کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور پاکستان کے امن پسند تشخص کو اجاگر کیا، جب بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کیے تو پاکستانیوں نے اپنے ملی نغمے اور قومی ترانے بھارت میں بھی نشر کر کے مؤثر جواب دیا۔