ایران کا اسرائیل پر بیلسٹک، ڈرونز اور کروز میزائلوں سے حملہ
تل ابیب : (دنیا نیوز) ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد میزائل داغ دیئے، حملے کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کئے گئے ہیں، میزائلوں کا ہدف دارالحکومت تل ابیب ہے۔
اسرائیلی فوج نے بتایاکہ ایران نے بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں سائرن بجنے لگے، ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج ہوں گے، اسرائیلی فوج نے تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل پر حملہ حسن نصر اللہ اور اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ ہے: پاسداران انقلاب
مقبوضہ بیت المقدس، دریائے اردن کی وادی میں اسرائیلی شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو نشریات کی ذمے داریاں انجام دینے والے رپورٹرز حملوں کے دوران زمین پر لیٹ گئے۔
حملے کے بعد اسرائیلی نے جنگی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ امریکی صدر نے بھی قومی سلامتی ٹیم کی میٹنگ بلالی ہے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کابدلہ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جو بائیڈن کا امریکی فوج کو اسرائیل کے دفاع کا حکم
قبل ازیں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملے میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ایران کے حوالے سے سخت ردعمل کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔