ڈاکٹر ذاکر نائیک کا آج کراچی کے باغ جناح میں خطاب، ٹریفک پلان تیار

کراچی: (دنیا نیوز) معروف اسلامک سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک آج کراچی کے باغ جناح پولو گراؤنڈ میں خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خطاب کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

تقریب کے دوران ایوان صدر روڈ فوارہ چوک سے کھجور چوک تک ٹریفک کے لئے بند رہے گی، شاہین کمپلیکس سے آنے والی ٹریفک کو ضیاء الدین احمد روڈ اور پی آئی ڈی سی چوک کی طرف بھیجا جائے گا۔

علاوہ ازیں شاہین کمپلیکس سے آنیوالے ایم آر کیانی چوک سے زینب مارکیٹ جاسکیں گے، اسی طرح زینب مارکیٹ سے آنے والی ٹریفک فوارہ چوک سے شاہراہ فیصل جا سکے گی اور سندھ کلب چوک میٹروپول سے فوارہ چوک تک دونوں اطراف نو پارکنگ زون ہو گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجتماع کے شرکاء کے لئے دو مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، ٹریفک پولیس نے عوام کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک 10 دن کے دورے پر کراچی میں موجود ہیں، شہرِ قائد میں ان کی 7 سے 10 اکتوبر تک نجی ملاقاتیں طے ہیں جس کے بعد وہ 11 اکتوبر کی صبح کراچی سے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں