کراچی میں سڑکوں سے تجاوزات ختم کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ٹاسک فورس تشکیل دیتے ہوئے ایک بار پھر شہر قائد سے تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ ہٹانے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام نے بظاہر ان ہدایات پر کان نہیں دھرے تھے جو وزیراعلیٰ نے تین ماہ قبل تمام شہری اور بلدیاتی اداروں اس تجاوزات کے خاتمے کے لیے دی تھیں۔

12 جولائی کو مراد علی شاہ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اور سٹی انتظامیہ کو پولیس کے تعاون سے عوامی مقامات سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی تھی اور اس بات کا مشاہدہ کیا تھا کہ فٹ پاتھوں، گرین بیلٹس، چلنے کی جگہوں اور گلیوں پر تجاوزات نے شہر کو خراب کر دیا ہے اور اس سے سنگین صورتحال پیدا ہو رہی ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں مسائل ہیں لیکن کوئی اتھارٹی اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تیار نہیں۔

کراچی میں انفرا اسٹرکچر کی خراب صورتحال پر تبادل خیال کے لیے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر بلدیات سعید غنی کی زیر سربراہی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے اور شہر کی اہم ترین 10 سے 15 سڑکوں سے تجاوزات ختم کرنے کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جاری ترقیاتی منصوبے، تباہ شدہ سڑکیں، نکاسی آب کے مسائل، غیر قانونی پارکنگ اور تیزی سے بڑھتی ہوئی تجاوزات کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں