مریم نواز کا جرائم کی شرح نیچے لانے اور کرپٹ ایس ایچ اوز کیخلاف زیرو ٹالرنس کا حکم

حافظ آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جرائم کی شرح نیچے لانے اور کرپٹ ایس ایچ اوز کیخلاف زیرو ٹالرنس اپنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے حافظ آ باد میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی ، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبد الرزاق نے ضلع کے پروفائل اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او حافظ آباد نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریف کیا، مریم نواز نے حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنر کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رکھنے اور سکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ یقینی بنانے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور گڑھے پر کرنے، نجی ہاؤسنگ سوسائیٹز میں مین ہول کے ڈھکن چیک کرنے اور حافظ آباد میں گرین بیلٹس بنانے کی ہدایت کردی۔

مریم نواز نے ضلع بھر میں ڈرینج کی صفائی اور ڈپٹی کمشنر کو ہسپتالوں کے مسلسل وزٹ کرنے اور کرپٹ و عوام سے ناروا رویہ اپنانے والے تحصیلداروں اور پٹواریوں کو ہٹانے کی ہدایت کی جبکہ گرلز سکول کی سکیورٹی مانیٹر نگ اور کاشتکاروں کو ہر قیمت پر معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈز کی فراہمی کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے حافظ آباد کے دیہات کو ماڈل بنانے کا ٹاسک بھی دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے حافظ آباد کے زیر تکمیل منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کا حکم دیا اور حافظ آباد میں ضروری انسانی وسائل کی کمی پوری کرنے کی اور زیر تکمیل فلائی اوور کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کے پی آئیز کے مطابق پہلے پانچ افسروں کو انعام اور سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے، بچوں اورخواتین کے خلاف جرائم میں کمی آنی چاہیے، خوشی ہے کہ کے پی آئیز مقرر کرنے سے کار کردگی میں بہتری آرہی ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جیلوں کے دورے کر کے خود صورتحال کا جائزہ لیں، ڈینگی اورپولیو کے خلاف مہم کو کسی صورت بھی کم نہیں ہونا چاہیے، شوگر کے مریضوں کے لئے انسولین ناگزیر ہے، کمی نہ آنے دی جائے، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی مصنوعی مہنگائی بالکل برداشت نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں