حنا پرویز بٹ کی اداکارہ نرگِس سے ملاقات، انصاف کی یقین دہانی، پروٹیکشن آفیسر بھی تعینات

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ اداکارہ نرگِس سے ملاقات کرنے پہنچیں ،دوران ملاقات انہوں نے نرگس کو انصاف کی یقین دہانی بھی کروائی۔

حنا پرویز بٹ نے جائیداد کے تنازع پر شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کے ہاتھوں بہیمانہ تشدد کا شکار ہونے والی اداکارہ نرگِس سے ملاقات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروانے کے ساتھ ساتھ ایک پروٹیکشن آفیسر بھی ان کے ساتھ تعینات کر دیا ہے۔

چیئر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی نے اس سے معاملے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نرگِس کو پروٹیکشن آرڈر اور قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نرگِس پر شوہر کا مبینہ تشدد، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

انہوں نے کہا کہ خواتین پر گھریلو تشدد ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے، یہ واقعہ کوئی معمولی بات نہیں، ملزم کو سزا دلوائی جائے گی۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وومن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین پر تشدد کے بارے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہر خاتون کو مکمل انصاف اور تحفظ کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق خواتین پر تشدد حکومت کی ریڈ لائن ہے، اس واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، حکومت کی پالیسی گھریلو تشدد کے واقعات پر انتہائی سخت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں