سنیتا مارشل کا بطور والدہ بچوں کی تربیت کے حوالے سے اپنی غلطیوں کا اعتراف
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے بطور والدہ بچوں کی تربیت کے حوالے سے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرلیا۔
حال ہی میں اداکارہ سنیتا مارشل نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کیریئر اور نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
بچوں کی تربیت سے متعلق بات کرتے ہوئے سنیتا نے بتایا کہ میں اپنے بچوں کو پرفیکٹ بنانا چاہتی تھی، میں بچوں کو گھڑ سواری، تیراکی اور دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ پڑھائی میں بھی اچھے نمبرز لینے کیلئے تیار کرتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کو پرفیکٹ بنانے کے چکر میں شوٹنگ سیٹ پر میں ساتھی فنکاروں سمیت دوسری ٹیم سے جھگڑا کرتی رہتی تھی کہ مجھے گھر جا کر بچوں کو گھڑ دوڑ یا تیراکی کی کلاسوں کے لیے لے کر جانا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں شوٹنگ چھوڑ کر بچوں کو کلاسز کے لیے لے کر جاتی پھر وہاں سے انہیں واپس گھر چھوڑنے کے بعد شوٹنگ پر جاتی اور اس طرح میں نے خود کو تھکانے کے ساتھ ساتھ پریشان بھی کیا۔
سنیتا نے کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ہر انسان پرفیکٹ نہیں ہوتا اور ہر کسی کی اپنی صلاحیتیں ہوتی ہیں، اس لیے اب میں نے ایسی غلطیاں کرنا چھوڑ دی ہیں اور خود کو اور بچوں کو تکلیف سے بچا لیا۔