26 ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد: سندھ میں آئینی بنچز کیلئے قرارداد لانے کا فیصلہ
کراچی: (دنیا نیوز) 26 ویں آئینی ترمیم پر عمل درآمد کیلئے سندھ میں آئینی بنچز کے قیام کے لئے قرارداد لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سندھ اسمبلی کے آج 4 نومبر کو شیڈول اجلاس میں قرارداد لائےجانے کا امکان ہے، سندھ اسمبلی میں قائد ایوان نے پیپلزپارٹی کے تمام ارکان کو آج صبح 10 بجے اجلاس میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے، ارکان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 26ویں ترمیم پر عمل درآمد کےحوالے سےقرارداد لائی جاسکتی ہے۔
سندھ اسمبلی میں آئینی بینچز سے متعلق قرارداد لانے کی حتمی منظوری پارٹی قیادت نے دینی ہے، آئین کے آرٹیکل202 اے کے تحت ہائیکورٹس میں آئینی بنچز تشکیل دی جائیں گی، سپریم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 5 نومبر کو شیڈول ہے۔
آئین کےآرٹیکل 202 اے کی ذیلی شق 2 کےتحت ہائیکورٹ کے نامزد ججز میں سے سینئر جج آئینی بنچ کا سربراہ ہوگا، سندھ اسمبلی آئینی بنچز کے قیام کی منظور شدہ قرارداد سپریم جوڈیشل کمیشن، وزارت قانون کو ارسال کرے گی۔
آئینی بینچز سے متعلق قرارداد پیش کرنے کے لئے سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی جا چکی ہے۔