چین میں روس کے جدید ترین ملٹی رول ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ’’ایس یو ۔ 57 ‘‘کی نمائش
بیجنگ: (ویب ڈیسک) روس نے چین میں منعقد شو کے دوران کئی اہداف کو بیک وقت نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے اپنے ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ’’ ایس یو-57‘‘کی نمائش کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ففتھ جنریشن ملٹی رول فائٹر جیٹ’’ ایس یو-57‘‘کو تمام فضائی، زمینی اور پانی کی سطح کے اہداف کو تباہ کرنے، اپنی تعیناتی کے اڈوں سے طویل فاصلے پر فضائی حدود کی نگرانی، مخالف ہیڈ کوارٹر، کمانڈ پوسٹس اور کنٹرول سسٹم کو غیر فعال بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ شو چین کے علاقے ژوہائی میں منعقد ہو رہا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق ایس یو ۔57 تیار کرنے والی کمپنی روس ٹیک کے سی ای او سرگئی چیمیزوف نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایس یو ۔57 شو میں شریک مہمانوں اور ماہرین کو متاثر کرے گا اور اس کی دیگر ممالک کو فراہمی کے مواقع پید اہوں گے، اس لڑاکا طیارے کو مستقبل میں مزید اپ گریڈ کیا جاتا رہے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایس یو ۔57 میں گائیڈڈ اور غیر گائیڈڈ ہتھیاروں کی ایک وسیع رینج کو نصب کیا جا سکتا ہے جن میں ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے مختصر، درمیانے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل، سمارٹ 250، 500 اور 1500 کلوگرام بم شامل ہیں۔
طیارے کا زیادہ سے زیادہ جنگی پے لوڈ 10 ٹن ہے، ایس یو ۔57 میں سٹیلتھ خصوصیات کو بڑھانے کے لئےاس کے بیرونی ڈیزائن کے ساتھ ساتھ کوٹنگ مواد اور الیکٹرانک سسٹمز کا استعمال کیا گیا ہے۔
ایس یو ۔57 میں بعض ہتھیار طیارے کے اندر رکھنے کا آپش دیا گیا ہے جس کی وجہ سے دشمن ریڈار اس کے مقام اور رفتار کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کرتا ہے۔