یو اے ای سے پہلی بار 3 بچوں کی ماں مس یونیورس کیلئے نامزد
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ’مس یونیورس 2024ء‘ کے مقابلوں کے لیے پہلی بار نامزدگی پیش کر دی، یو اے ای کی جانب سے نمائندگی کے لیے جس ماڈل کا انتخاب کیا گیا ہے وہ ناصرف شادی شدہ ہیں بلکہ 3 بچوں کی والدہ بھی ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے صرف 18 سے 28 سال کی عمر کے غیر شادی شدہ ماڈلز کو ہی مس یونیورس کے مقابلۂ حسن میں شرکت کی اجازت تھی، تاہم 2023ء میں عمر، قد، وزن اور ازدواجی حیثیت سے متعلق تمام پابندیوں کو ہٹا دیا گیا تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 27 سالہ ایمیلیا ڈوبرایوا گزشتہ 10 برس سے امارات میں رہائش پزیر ہیں، ملبوسات کے راؤنڈ میں ایمیلیا ڈوبرایو عبایا پہنیں گی جو متحدہ عرب امارات کے لیے ایک شاندار خراجِ عقیدت ہو گا۔
ایمیلیا ڈوبرایو نے بتایا کہ اس عبایا کے نیچے والے حصے میں اس ملک سے لی گئی حقیقی ریت شامل ہو گی اور عبایا کا اوپر والا حصہ اس ملک کی جدیدیت کی عکاسی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لباس حقیقی طور پر یو اے ای کی نمائندگی کرے گا، یہ دکھاتے ہوئے کہ کس طرح اس نے ریت سے ایک جدید ملک کی بنیاد رکھی ہے۔