چیمپئنز ٹرافی: زخم سہہ لیں گے بےعزتی نہیں کرائیں گے: محسن نقوی مؤقف پر قائم
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہےکہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہیں، ہم زخم سہہ لیں گے اپنی بےعزتی نہیں کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے اہم اجلاس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی آفیشلز سے بات کی ہے، چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی آفیشلز کوپاکستان کے واضح موقف سے آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر واضح انداز میں کھڑا ہے، ہم زخم سہہ لیں گے اپنی بےعزتی نہیں کرائیں گے۔
خیال رہےکہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے آئی سی سی نے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ بلائی ہے۔ آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔