چین کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سرکاری دورے کی دعوت

اسلام آباد :(دنیا نیوز) چین کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو سرکاری دورے کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف حکمران جماعت کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی، چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے پنجاب حکومت کو باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوگیا۔

وزیراعلی پنجاب اگلے ماہ چین کا 8 دن کا خصوصی دورہ کریں گی، مریم نوازشریف بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ بھی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب کو چین کی طرف سے 8 سے 15 دسمبر تک دورے کی دعوت دی گئی ہے۔

سی پی سی کی خصوصی دعوت پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ اعلی سطح وفد بھی چین جائے گا، دعوت نامے میں چین کی حکمران جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

دعوت نامے میں گہرے باہمی مراسم اوردوستی کے فروغ جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔

دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل،انڈسٹری، سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کار کا جائزہ لیا جائے گا، پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان کاروباری اور تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔

مریم نواز شریف کو دورے کے دوران چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے بھی آگاہ کیا جائے گا، وزیراعلی پنجاب دورے کے دوران چین کے نمایاں قائدین اور اہم حکومتی زعما سے بھی ملاقات کریں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے دورے میں پنجاب میں ترقی کے اعلیٰ معیار، دوطرفہ تعاون کے نئے دور کے آغاز پر تبادلہ خیال کا بھی امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں