علی امین گنڈا پور کی نیو پشاور ویلی منصوبہ پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت " نیو پشاور ویلی" منصوبے کے بارے میں اجلاس ہوا۔

اجلاس کو منصوبے کی لوکیشن، مجوزہ رسائی سڑکوں، ماسٹر پلان، زمین کے حصول اور دیگر پہلوؤں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں منصوبے پر پیشرفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کر دیں، وزیر اعلیٰ نے منصوبے کے ماسٹر پلان کو مزید بہتر اور دور جدید کی رہائشی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کی ہدایت کر دی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صحت، تعلیم سمیت تمام سماجی خدمات کی سہولیات مرکزی پوائنٹ پر ہونی چاہئیں، زمین کے حصول کا عمل تیز کرنے اور مجوزہ ہاؤسنگ سکیم کی رابطہ سڑک پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ پشاور صوبے کا مرکز ہے بڑھتی آبادی کے پیش نظر نیو پشاور ویلی منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ منصوبہ پیسے کمانے کیلئے نہیں بلکہ لوگوں کو سہولت دینے کیلئے شروع کیا گیا ہے، نیو پشاور ویلی حکومت کے ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں