صوبائی وزیر صنعت و تجارت سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، تجارتی امور پر گفتگو
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے ملاقات کی۔
پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب اور امریکا کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کے امور پر بات چیت کی گئی، صوبائی وزیر نے سرمایہ کاری اور معیاری فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بارے بھی بتایا اور کہا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے تاہم دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ میں امریکا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سولر پینلز کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ اور الیکٹرک وہیکلز کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکنیکل یونیورسٹیوں میں انرولمنٹ بڑھانے کے لئے ایکٹ میں تبدیلی کی جارہی ہے، ٹیوٹا کے اداروں، لیبز اور کورسز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، ٹیوٹا کا پرفارمنس اور فنانشل آڈٹ کرایا جا رہا ہے۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بچوں کو آئی ٹی کے شارٹ کورسز مفت کروائے جارہے ہیں، ٹیوٹا کے اداروں میں تربیت مکمل کرنے والوں کیلئے جاب پلیسمنٹ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے، بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔
امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹرزکے قیام کو سراہا، پنجاب کے سیاحتی اور تاریخی مقامات قابل دید ہیں۔