رانا ثناء اللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم کے مشیرِ برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے 12 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، مقدمہ 16 اکتوبر 2020ء کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے روز درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام ہے۔

مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ پولیس نے رانا ثناء اللہ سے متعلق مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کرایا تھا، پولیس نے رانا ثناء اللہ کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔

عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کو طلب کیا تھا، طلب کرنے کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر رانا ثناء اللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں