خرم خان آئرن مین ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کرنیوالے پہلے پاکستانی بن گئے
ٹائیپو: (ویب ڈیسک) خرم خان نیوزی لینڈ کے شہر ٹائیپو میں ہونے والی آئرن مین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے خرم خان واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپئن شپ میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔
ٹرایتھلون طرز کے ایونٹ میں 119 ممالک کے 6 ہزار ایتھلیٹس نے حصہ لیا، پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی مدد آپ تحت ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
چیمپئن شپ میں 1.9 کلومیٹر کی سوئمنگ اور 90 کلومیٹر کی بائیک رائیڈ شامل تھی جبکہ 21.1 کلو میٹر کی دوڑ بھی مقابلےکاحصہ تھی، پاکستان کے خرم خان نے پورا سرکٹ 5 گھنٹے 32 منٹ اور 52 سیکنڈ میں مکمل کیا۔
خرم خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پرچم پہلی بار آئرن مین ورلڈ چیمپئین شپ میں لہرانا اعزاز ہے، آئندہ ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی ملک کی نمائندگی کروں گا۔