ٹرمپ کی غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی نہ ہونے پر ایک بار پھر خطرناک نتائج کی دھمکی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی نہ ہونے پر ایک بار پھر خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی۔
اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے اقتدار سنبھالنے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو نتائج بھگتنا ہونگے، میں تفصیلات میں جانے پر یقین نہیں رکھتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میرا ردعمل دشمن کو صرف "نہیں کرو" کہنے پر مشتمل نہیں ہوگا جیسا کہ صدر بائیڈن غزہ جنگ کے آغاز سے کر رہے ہیں، میں اسرائیل اور امن دونوں کے ساتھ ہوں ۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کانگریس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور امریکی صدر کامیابی کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔
نائب صدر کملا ہیرس نے اعلان کیا ہے کہ نومبر 2024 کے صدارتی انتخاب میں ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب رہے۔