بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور اراکین پارلیمنٹ کی ملاقاتیں

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنماؤں اور اراکین پارلیمنٹ نے ملاقاتیں کیں۔

بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی بلوچستان کے سینئر رہنما اقبال شاہ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران بلوچستان کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے رکن قومی اسمبلی میر شبیر خان بجارانی نے بھی ملاقات کی اور کشمور کے عوام کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو سے رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر ٹنڈوالہیار کے عوام اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے بلاول ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، انہوں نے شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری سے سندھ میں محکمہ بلدیات کے وزیر سعید غنی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے المعروف ملیر ایکسپریس وے سمیت کراچی میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے اراکین پارلیمان شازیہ مری، نوید قمر، طارق شاہ جاموٹ اور بیرسٹر ضمیر گھمرو نے بھی بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق بات چیت ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی بلوچستان کے سابق میڈیا کوآرڈی نیٹر حیات خان اچکزئی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اور بلوچستان کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں