میانمار میں فوجی اقتدار اور خانہ جنگی کے سائے تلے عام انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل

منڈلے: (دنیا نیوز) میانمار میں فوجی اقتدار اور خانہ جنگی کے سائے تلے عام انتخابات ہوئے، انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، دوسرا مرحلہ 11، تیسرا اور آخری مرحلہ 25 جنوری 2026ء کو ہوگا، نتائج کا اعلان فروری 2026ء کے بعد متوقع ہے، انتخابات کے بعد سیاسی کشیدگی اور تنازع مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اقوام متحدہ، مغربی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے انتخابات کو غیر شفاف قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ ناقدین کا بھی یہ کہنا تھا کہ انتخابات نہ آزاد ہیں اور نہ منصفانہ بلکہ فوجی حکومت اپنی حکمرانی کو جمہوری لبادہ پہنانا چاہتی ہے، خانہ جنگی اور سکیورٹی مسائل کے باعث کئی علاقوں میں ووٹنگ ممکن نہیں ہوگی۔

حزبِ اختلاف اور انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا تھا کہ اصل اقتدار بدستور فوجی سربراہ من آنگ ہلائن کے پاس رہے گا جبکہ فوج نواز جماعت کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں، تجزیہ کاروں کے مطابق انتخابات کے بعد ملک میں تنازع مزید بڑھ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ میانمار کا تقریباً ایک تہائی حصہ متنازعہ یا باغی گروہ کے قبضے میں ہے، صرف فوجی کنٹرول والے علاقوں میں الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں