بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں: محسن نقوی

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں۔

نیا ناظم آباد پی سی بی انٹر اسکولز فائنل کے میچ میں چیئرمین پی سی بی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ چیئرمین عارف حبیب اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہیں اور اُس کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ہی بات ہوگی، انہوں نے کہا کہ مینز ورلڈ کپ کے حوالے سے کپتان سے کوئی بات نہیں ہوئی، کرکٹ کے معاملے کو کرکٹرز ہی دیکھ رہے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں گراؤنڈز کے معاملے سے آگاہ ہوں، بہت جلد کراچی سمیت پورے ملک میں گراؤنڈز کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی، نیشنل اسٹیڈیم تعمیر نو کے بعد لاہور سے زیادہ خوبصورت ہوگا، پی ایس ایل کے فوری پر نیشنل اسٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوگا اور کراچی کا اسٹیڈیم لاہور سے خوبصورت بنائیں گے جس کے بعد عوام خود رُخ کریں گے۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انٹر اسکول کرانے کا مقصد نیا ٹیلنٹ سامنے لانا ہے، فاتح ٹیموں پر مشتمل ایک ایک ایونٹ کرائیں گے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لے کر آئیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں