سندھ اور بلوچستان کی سرحدوں پر امن و امان مزید بہتر بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اور بلوچستان کی سرحدوں پر امن و امان مزید بہتر بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق ہوگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات ہوئی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی موجود تھے، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بھی شرکت کی۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے ملکی معیشت، سیاسی و سماجی صورتحال پر گفتگو کی، بلوچستان اور سندھ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعادہ کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ثمرات عوام تک پہنچیں گے، سیاسی استحکام کے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں، حکومتی پالیسیوں سے عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا سکیورٹی اداروں میں مؤثر رابطہ کاری سے جرائم میں واضح کمی آئی ہے، چیئرمین سینیٹ نے مختلف قانون سازیوں اور پارلیمانی امور پر گفتگو کی، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی اور سیاسی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے پر بھی مشاورت کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں