خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ایف سی بلوچستان کا شاندار اقدام
کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی بہادر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے ایک اور شاندار اقدام اٹھا لیا۔
بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے عوامی فلاح و بہبود اور خواتین کی معاشی خود کفالت اولین ترجیح ہے، کور کمانڈر کوئٹہ اور آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے نوشکی میں قائم ای کامرس سینٹر کا دورہ کیا، دورے کے دوران ای کامرس سینٹر کے اغراض و مقاصد، تربیتی پروگرامز اور طالبات کی مہارت سازی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کور کمانڈر کوئٹہ نے خواتین کے معاشرہ میں بہترین کردار کیلئے قائم مثالی ای کامرس سینٹر کے اقدام کو سراہا۔
کور کمانڈرکوئٹہ کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے بلوچستان کے طلباء اور طالبات کیلئے معاشی خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم ہیں، انہوں نے بلوچستان میں تعلیم، تربیت اور عوامی فلاح و بہبود میں بھرپور کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، ای کامرس سینٹر میں زیر تربیت مقامی طالبات نے ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات پر اظہار تشکر کیا۔
طالبہ کے مطابق نوشکی میں قائم ای کامرس سینٹر نے خواتین کو بااختیار اور خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، طالبہ نے ای کامرس سینٹر نوشکی میں جدید دور کے مطابق آن لائن سکلز سکھائے جانے کے اقدام کو بھی سراہا جبکہ مقامی طالبہ نے ڈیجیٹل تعلیم کو نوجوانوں کے روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔