پنجاب کی مختلف بار کونسلوں کے انتخابات، پولنگ شروع، شیخوپورہ میں الیکشن مؤخر

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں وکلاء کی مختلف بار کونسلوں کے انتخابات آج ہو رہے ہیں، پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ شیخوپورہ بار کا الیکشن مؤخر کر دیا گیا۔

لاہور بار

لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کا آغاز ہوگیا، پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، مجموعی طور پر بار کی 8 نشستوں پر 27 امیدواروں کے درمیان کاٹنے دار مقابلہ متوقع ہے۔

لاہور بار کے صدر کی نشست پر تین امیدوار ادیب اسلم بھنڈر، شاہد جمال بٹ اور عرفان حیات باجوہ مدمقابل ہیں، پندرہ ہزار آٹھ سو 51 رجسٹر ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

نائب صدر کی نشست پر پانچ امیدوار، نائب صدر ماڈل ٹاؤن کی سیٹ پر تین امیدوار کے درمیان مقابلہ جبکہ نائب صدر کینٹ سیٹ پر زاہد محمود گل اور عمران اولکھ کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے، سقیکرٹری کی نشست پر چار امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر اسد عباس ،ثمینہ بسرہ اور سلمان رحیم کھوکھر کے درمیان مقابلہ ہے، فنانس سیکرٹری کی نشست پر زہیب خان اور یاسر نزیر پڈھیار کے درمیان مقابلہ ہے، لائبریری سیکرٹری کی نشست پر ارشد چدھڑ سمیت پانچ امیدوار میدان میں ہیں۔

شیخوپورہ بار

الیکشن بورڈ کی ازسرِنو تشکیل کے باعث ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے انتخابات مؤخر ہو گئے، ایک دن میں چھان بین ناممکن قرار دی گئی، بار ایسوسی ایشن شیخوپورہ کے انتخابات 17 جنوری کو ہوں گے۔

شیخوپورہ کا الیکشن بورڈ تبدیل ہو گیا، سابق فیصلے کالعدم قرار دیے گئے، بیلٹ پیپرز پر دستخط اور کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

گوجرہ بار

گوجرہ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے، 397 وکلاء حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، اتحاد گروپ اور جی ڈی اے گروپ میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔

اتحاد گروپ کے اعجاز اختر کہوجہ صدر، میاں عثمان محمود جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں جبکہ جی ڈی اے گروپ کے میاں راغب شہزاد صدر اور ایاز افضل بسرا جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔

گوجرانوالہ بار

ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے سالانہ الیکشن میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، 3460 وکلاء بائیو میٹرک طریقہ سے ووٹ کاسٹ کریں گے، پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

صدر بار کی سیٹ پر 2 امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر 3 امیدوار میدان میں ہیں
گوجرانوالہ ۔ دیگر 6 سیٹوں پر 12 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔

راولپنڈی بار

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات برائے سال 27-2026 کے لئے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، بلا مقابلہ منتخب ہونے والوں میں چوہدری کاشف متین لائبریری سیکریٹری اور محمد نزاکت آڈیٹر شامل ہیں۔

راولپنڈی بار میں 27 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے، سینئر وکیل ساجد الیاس بھٹی کی سربراہی میں 20 رکنی الیکشن بورڈ انتخابات کروا رہا ہے۔

صدارت کے لئے اسد محمود راجہ، سردار بلال قیوم خان اور طارق محمود ساجد اعوان کے درمیان مقابلہ ، نائب صدارت کی نشست پر شازیہ یاسین ہاشمی شانزے اور محمد عمران کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے۔

سیکرٹری کی نشست پر 5 امیدواروں ساجد رضا خان بلوچ، سید اقتدار حسین شاہ، شہناز بیگم راجہ، قمر الحق نیازی اور مہران اعجاز انور چوہدری اور جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر احسن سلیم منج اور شیخ صدام طارق کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو رہا ہے۔

فنانس سیکریٹری کی نشست پر عبدالقدوس، محمد عمر اور مہر عامر شہزاد امیدوار، مجلس عاملہ کے چوہدری عبد الحفیظ، حسن نواز، حنان عرفان، حوریہ سعید اعوان امیدوار ہیں،ووٹروں کے پاس پنجاب بار کونسل کا اصل کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ملتان بار

ملتان: بار کی 7 نشستوں پر 18 امیدوار میدان میں ہیں، صدارت کی نشست پر سیدہ بشریٰ نقوی اور چوہدری محمد افضل جٹ آمنے سامنے ہیں، جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ملک سعادت حسین اور چوہدری محمد افضل شاہد سندھو مدمقابل ہیں۔

نائب صدر کے عہدے پر 4 امیدوار شیخ شعیب امجد، میاں محمد صادق انصاری، چوہدری محمد نعیم آرائیں، چوہدری محمد ارشد گجر آمنے سامنے ہیں، جوائنٹ سیکرٹری کے لیے دو خواتین امیدوار میڈم نگینہ مظفر ہراج، میڈم نورین اشرف آمنے سامنے ہیں۔

فنانس سیکرٹری کے عہدے پر رؤف احمد خان ملیزئی اور محمد علی خان لنگاہ مدمقابل ہیں، لائبریری سیکرٹری کے لیے 4 امیدوار فرحان احمد قریشی، رانا فیصل اظہر، میاں محمد خالد بھٹی، عمارہ طاہر بلوچ مدمقابل ہیں، مجلس عاملہ کی 10 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

بہاولنگر بار

بہاولنگر کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا، اختتام شام 5 بجے ہوگا۔

الیکشن میں کل 673 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، نائب صدر سمیت دیگر تمام عہدوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں، چیئرمین الیکشن بورڈ کے مطابق انتخابی عمل پرامن طریقے سے جاری ہے۔

قصور بار

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن کی ووٹنگ جاری ہے، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ، وفاقی وزیر ملک رشید احمد خان بھی اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے

ننکانہ بار

ننکانہ صاحب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، انتخابات میں 897 وکلاء اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

انتخابات کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

اٹک بار

اٹک ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، 570 وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں