جدہ :اسحاق ڈار سے بنگلا دیشی مشیرکی ملاقات ، باہمی اُمور پر تبادلہ خیال
جدہ:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بنگلا دیش کے مشیر برائے خارجہ امور ایم توحید حسین نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر بنگلا دیش کے مشیر خارجہ ایم توحید حسین سے ملاقات کی۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) January 11, 2026
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت اور تعلیمی تعاون کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔
اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں اِس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گے۔