وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی آپریشن کو ناگزیر بناتی ہے: رانا ثنا اللہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی آپریشن کو ناگزیر بناتی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا مہر بخاری‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وادی تیراہ میں کسی بھی وقت آپریشن ہو سکتا ہے، لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فورسز کی مدد کریں۔
اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ وادی تیراہ میں منشیات کی بہت بڑی انڈسٹری ہے، وہاں پر 12ہزار ایکڑ پر بھنگ کاشت ہوتی ہے، دہشت گرد بھی منشیات سے پیسے کماتے ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں ہو گی،شرپسند جہاں موجود ہوں گے اُن کے خلاف کارروائی ہو گی اور وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی آپریشن کو ناگزیر بناتی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ایک بیانیہ بنا رہی ہے جیسےانہیں کوئی علم نہیں، فوج نے کسی علاقے میں شہریوں کو نقل مکانی کا نہیں کہا، دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے وہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہو گا، اگر ہمارے پاس خفیہ معلومات ہوئی تو تب بھی آپریشن ہو گا، یہ پالیسی پورے پاکستان کے لیے ہے۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ سردی کی وجہ سے 50 سے 80 فیصد آبادی نقل مکانی کرتی ہے، برف باری کی وجہ سےاس وقت وہاں آپریشن مشکل ہے، وہاں پر دہشت گرد موجود ہے۔